اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی بگڑتی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
عاصم افتخار احمد نے کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے، جبکہ اسرائیل کی آبادکاری میں توسیع تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے۔ آبادکاروں کا تشدد فوری طور پر بند کیا جائے اور ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
پاکستانی مندوب نےکہا کہ غزہ کی انسانی صورتحال انتہائی نازک ہے، انسانی تکالیف کم کرنے کا موقع ضائع نہیں ہونا چاہیے،فلسطینی عوام کے محصولات فوری اورمکمل طور پر جاری کیے جائیں۔
انہوں نے کہاکہ اسرائیل طاقت کے زور پر جغرافیائی حقائق بدل رہا ہےجبکہ مسجدِ اقصیٰ کی حرمت پامال کرنا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے،اسرائیل کا روڈ میپ مسترد کرنا سفارتی عمل اور امن کے امکانات کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔
عاصم افتخار احمد نے عالمی برادری اور سلامتی کونسل پر زوردیاکہ موجودہ تشویشناک صورتحال پر بلا تاخیر اقدام کیا جائے اور سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔
پاکستانی مندوب نےکہا کہ فلسطینی عوام کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر آزاد اورخودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے،جس کادارالحکومت القدس الشریف ہو۔ ان کے مطابق یہی ریاست جامع اور پائیدار امن کی قابلِ اعتبار بنیاد بن سکتی ہے۔
