ایران نے پاکستان کو اسلامی دنیا کا عظیم اثاثہ قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی اور باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے تہران میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک ایران تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن رضائی نے کہا کہ ایران اور پاکستان ایک دوسرے کے اسٹریٹجک معاون ہیں۔
انہوں نے پاکستانی حکومت، فوج اور عوام کو اسلامی دنیا کا عظیم اثاثہ قرار دیا۔
ایرانی عہدیدار نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے سیکیورٹی اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
محسن رضائی کے مطابق ایران پاکستان تعلقات میں غیر معمولی پیش رفت کا خواہاں ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات گزشتہ چند ماہ میں مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں علاقائی صورتحال اور سیکیورٹی سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔
محسن نقوی نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی وزیر داخلہ نے ایرانی صدر کو وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام پہنچایا۔
محسن نقوی نے ایرانی صدر کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے محسن نقوی سے ملاقات کے بعد کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید گہرے کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سیکیورٹی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر پاکستانی حکام کی ایران کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے میں دلچسپی قابل قدر ہے۔
