سعودی عرب، پاکستان، مصر، اردن، انڈونیشیا، ترکیہ، قطر اور متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جامع منصوبے کے روڈ میپ کو مسترد کرنے کی مذمت کی ہے۔آٹھ ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ مؤقف میں اسرائیل کے فلسطینی ریاست کو مسترد کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
وزرائے خارجہ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے جامع منصوبے کے روڈ میپ کو مسترد کرنا قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا مؤقف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کی توثیق سے بھی متصادم ہے۔ان ممالک نے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات جامع منصوبے پر عمل درآمد کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کا مؤقف ایک منصفانہ اور دیرپا امن کے حصول کی کوششوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔ آٹھ ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے جامع منصوبے پر عمل درآمد ضروری ہے۔ان کے مطابق فلسطینی ریاست کے قیام کے حق کو نظر انداز کرنا تنازع کے مستقل حل کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن سکتا ہے۔
وزرائے خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کا موجودہ مؤقف غزہ اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں امن کی کوششوں کے لیے سنگین چیلنج ہے۔ ان ممالک نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ اس کا مؤقف امن کے لیے جاری اجتماعی کوششوں میں رکاوٹ بن رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں منصفانہ اور دیرپا امن کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو جاری رہنا چاہیے۔
