گوگل نے پاکستان میں آن لائن سیفٹی کیلئے ڈیجیٹل پاسبان پروگرام کا افتتاح کر دیا ہے، 2لاکھ خاندانوں کو گوگل کے آن لائن تحفظ کے ٹولز کی تربیت فراہم کی جائے گی ۔
گوگل کے کلسٹر ڈائریکٹر فرحان ایس قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے پاکستان میں گوگل کا افتتاح کیا ہے، گوگل کا پاکستان آنا دنیا کیلئے پیغام ہے پاکستان ٹیکنالوجی اور کاروبار کیلئے کھلا ہے۔
گوگل کے نائب صدر گورنمنٹ افیئرز اینڈ پبلک پالیسی ولسن وائٹ نے تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوگل آن لائن سیفٹی پر یقین رکھتا ہے،گوگل کی بنیادی پروڈکٹس میں تحفظ پہلے سے شامل ہے، گوگل ڈیجیٹل پاسبان پروگرام پر عملدرآمد کیلئے 5 لاکھ ڈالر خرچ کرے گا، ڈیجیٹل پاسبان پروگرام کا مقصد عملی ٹولز اور ڈیجیٹل لٹریسی سے متعلق وسائل فراہم کرنا ہے، بچوں کو آن لائن دنیا میں محفوظ اور پُراعتماد انداز میں آگے بڑھنے میں مدد ملے گی، تربیت کے بعد والدین اپنے بچوں کو نامناسب مواد سے محفوظ رکھ سکیں گے۔
چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر)حفیظ الرحمٰن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تربیت کے حوالے سے والدین اور اساتذہ کا مرکزی کردار ہے، بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کے حوالے سے روزانہ سینکڑوں شکایات موصول ہوتی ہیں، پی ٹی اے بطور ریگولیٹر اپنی ذمہ داریاں ادا کررہا ہے، آج کی دنیا میں کنیکویٹی بہت ضروری ہے،ٹیکنالوجی کو نہیں روک سکتے، ہم نے رولزریگولیشن کے ساتھ نئی ٹیکنالوجیز کا فائدہ اٹھانا ہے۔
حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ پی ٹی اے کا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے قریبی رابطہ ہے، پی ٹی اےشکایات اور مقامی قوانین سےسوشل میڈیا کوآگاہ کرتا ہے، گوگل کا پاکستان کی شکایات کے حوالے سے کمپلائنس ریٹ سب سے زیادہ ہے، اپنی نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ اور پروگریسو بنانا ہے ، نئی ٹیکنالوجیز کے مثبت استعمال کے ذریعے نوجوانوں کے مستقبل کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
