وزیراعظم نے ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیکس چوری و اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر اصلاحات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس میں پی آر اے ایل کی تنظیم نو، ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور اسمگلنگ کے تدارک کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے ٹیکس نظام میں اصلاحاتی اقدامات کا نفاذ مقررہ مدت میں مکمل کرنے اور اصلاحات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا ملکی ترقی کے لیے ٹیکس نظام میں اصلاحات نافذ کی جا رہی ہیں۔ ڈیجیٹلائزیشن، پیداوار کی نگرانی اور خودکار نظام ایف بی آر اصلاحات کے اہم ستون ہیں۔
وزیراعظم نے ٹیکس چوری، اسمگلنگ اور غیرقانونی کاروبار کے خلاف مؤثر کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ایف بی آر میں اچھی شہرت کے گڈز ایویلیویٹرز کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیا۔
