مختلف شہروں میں میں 31 اگست سے 4 ستمبر تک بارشوں کا امکان ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے بالائی اضلا ع میں گلاف کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا۔
اعلامیے کے مطابق 31اگست کی رات سے 4 ستمبر تک بارشوں سے گلیشیئرز کے پگھلاؤ میں تیزی کا امکان ہے، گلیشیئر جھیلوں کے حجم اور پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے۔ گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے سے اچانک سیلاب اور تیز پانی کے بہاؤ کا خطرہ ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے چترال، دیر، سوات، کوہستان اور مانسہرہ کی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا، حساس گلاف مقامات کی مسلسل نگرانی اور بروقت وارننگ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عوام دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیئر جھیلوں اور تنگ پہاڑی وادیوں کے قریب جانے سے گریز کریں، سیاح اور مسافر خطرناک علاقوں میں غیر ضروری سفر، کیمپنگ اور ٹریکنگ سے گریز کریں۔
قبل ازیں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 30 اگست سے 4 ستمبر تک ملک کے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال جاری کردی ہے، جس کے تحت پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، آندھی اور بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں کہیں کہیں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ مری، راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، خوشاب، سرگودھا اور گجرات میں بارش کا امکان ہے۔
سیالکوٹ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد، لاہور، قصور، اوکاڑہ اور گردونواح کے علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ دن کے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ دیر، چترال، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر اور مانسہرہ میں بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک، آندھی اور بارش متوقع ہے اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
گلگت، اسکردو، ہنزہ، غذر، دیامر اور استور سمیت گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں جبکہ مظفرآباد، نیلم ویلی، پونچھ، باغ، میرپور، کوٹلی اور بھمبر میں بھی بارش کا امکان ہے۔ دونوں خطوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ دن کے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ دن کے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔
