جنوبی نائجیریا میں تیل کی پائپ لائن سے خام تیل چوری کرنے کی کوشش کے دوران کم از کم 37 افراد ہلاک ہو گئے۔ ایک ماحولیاتی گروپ نے جمعہ کو ہلاکتوں کی یہ تعداد بتائی۔ تاہم مقامی حکام نے ابھی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد کی تصدیق نہیں کی۔ یوتھ اینڈ انوائرنمنٹل ایڈووکیسی سینٹر کے مطابق واقعہ ریورز اسٹیٹ کے علاقے اوکریکا میں پیش آیا۔
ماحولیاتی گروپ کے مطابق واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب تقریباً نصف شب کے قریب پیش آیا۔ گروپ نے بتایا کہ مشتبہ افراد پائپ لائن سے پٹرولیم مصنوعات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس دوران زہریلے دھوئیں کے اخراج سے متعدد افراد متاثر ہوئے۔ پولیس کے مطابق متاثرین خام تیل چوری کرنے کی کوشش کے دوران ہلاک ہوئے۔
ریورز پولیس کے ترجمان اے ایس پی بلیسنگ کابورلو اگابے نے واقعے کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے حالات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق تحقیقات کا مقصد واقعے کی اصل وجوہات اور دیگر حقائق کا تعین کرنا ہے۔ حکام نے تاحال ہلاکتوں کی حتمی تعداد جاری نہیں کی ماحولیاتی گروپ نے دعویٰ کیا کہ واقعے کے بعد مزید افراد لاپتہ ہیں۔ گروپ کے مطابق بعض لاشیں دریا میں تیرتی ہوئی بھی دیکھی گئی ہیں۔ اس نے بتایا کہ واقعہ اوکاڑی جیٹی کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک جہاز لوڈنگ کے عمل میں مصروف تھا۔ گروپ کے مطابق مشتبہ چور کشتیوں کے ذریعے پٹرولیم مصنوعات تک رسائی حاصل کر رہے تھے۔
