لاہور میں ہوا کی رفتار بڑھنے سے فضائی آلودگی میں کمی متوقع

لاہور میں جنوب مشرقی اور مشرقی سمت سے 5 سے 9 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث آج دن بھر ایئر کوالٹی معتدل رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ ماحولیات کے مطابق ہوا کی رفتار میں اضافے سے فضائی آلودگی کے ذرات کے بہتر اخراج اور پھیلاؤ میں مدد ملے گی، جس کے باعث دن کے دوران ایئر کوالٹی میں مزید بہتری کی توقع ہے۔ اس وقت لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 135 ریکارڈ کیا گیا ہے، جس میں مزید کمی کا امکان ہے۔

جنوب مشرق سے مشرق اور مشرق سے مغرب کی جانب چلنے والی ہوائیں لاہور کی فضا میں آلودگی کے ارتکاز کو کم کرنے کے لیے سازگار قرار دی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر فضائی آلودگی کے خلاف اقدامات بھی جاری ہیں۔ 10 ستمبر کو پنجاب بھر میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف 1290 انسپیکشنز کیے گئے اور 123 یونٹس و مقامات کو سیل کردیا گیا۔

کارروائیوں کے دوران 11 بھٹیاں مسمار، 8 مقدمات درج اور 31 لاکھ 90 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے۔ اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف کارروائی میں 473 بھٹوں کی چیکنگ کی گئی، جبکہ 2 بھٹے سیل اور 7 مقدمات درج کیے گئے۔

صنعتی آلودگی کے خلاف کارروائی میں 259 صنعتی یونٹس کی چیکنگ کے بعد 19 یونٹس سیل اور 19 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ریسٹورنٹس میں دھوئیں کے اخراج کی روک تھام کے لیے سکشن ہڈ کے ضابطہ کار پر عملدرآمد کے سلسلے میں 289 مقامات کی چیکنگ اور 94 مقامات کو سیل کیا گیا۔

سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پنجاب میں صاف ہوا کی فراہمی کے لیے نگرانی، مؤثر نفاذ اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات جاری ہیں، آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے