پاکستان کے نامور اداکار یوسف خان کو مداحوں سے بچھڑے 17 برس بیت گئے۔وہ تقریباً نصف صدی تک پاکستانی فلمی صنعت سے وابستہ رہے۔اپنی جاندار اداکاری سے انہوں نے شائقین کے دلوں میں خاص مقام بنایا۔ان کے یادگار کردار اور برجستہ مکالمے آج بھی فلمی شائقین کو یاد ہیں۔
یوسف خان 10 اگست 1931 کو فیروزپور، بھارت میں پیدا ہوئے۔انہوں نے 1954 میں فلم "پرواز” سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔طویل فلمی سفر کے دوران انہوں نے مختلف کردار ادا کیے۔انہوں نے ہیرو کے ساتھ ایکشن کردار بھی نبھائے۔ان کا مخصوص انداز انہیں اپنے ہم عصر فنکاروں سے منفرد بناتا تھا۔
یوسف خان نے متعدد کامیاب پنجابی فلموں میں اداکاری کی۔ان کی معروف فلموں میں ملنگی، یارانہ، باؤ جی، ضدی اور وارنٹ شامل ہیں۔اس کے علاوہ ہتھکڑی، جگنی، شریف بدمعاش، قسمت اور جبرو بھی ان کی نمایاں فلمیں ہیں۔ان کی دیگر مشہور فلموں میں خطرناک، حیدر خان اور بڈھا گجر شامل ہیں۔ان فلموں کے کردار آج بھی ان کے فن کی یاد دلاتے ہیں۔
