بالی ووڈ کے معروف سینئر اداکار نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ جمعرات کی صبح گوا میں اپنے گھر میں بے ہوش پائے گئے تھے۔اس کے بعد انہیں فوری طور پر مانی پال اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے تقریباً 45 منٹ تک انہیں بچانے کی کوشش کی۔ تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نانا پاٹیکر کو گوا میں اپنے گھر پر طبیعت کی خرابی کا سامنا ہوا۔ بعد ازاں انہیں بے ہوشی کی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا۔ان کے بیٹے ملہار پاٹیکر نے بھی والد کے انتقال کی تصدیق کی۔ اسپتال ذرائع کے مطابق نانا پاٹیکر کو صبح تقریباً 5 بج کر 20 منٹ پر مردہ قرار دیا گیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دی گئی ہے۔ موت کی حتمی وجوہات کے تعین کے لیے قانونی کارروائی بھی شروع کی گئی ہے۔
نانا پاٹیکر کا اصل نام وشواناتھ پاٹیکر تھا۔ وہ ہندی اور مراٹھی سینما کے نمایاں اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔انہوں نے 1978 میں فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ بعد میں اپنی منفرد اداکاری اور طاقتور مکالموں کے باعث خاص مقام بنایا۔
نانا پاٹیکر نے ’پرندہ‘، ’کرانتی ویر‘ اور ’اگنی ساکشی‘ سمیت کئی کامیاب فلموں میں کام کیا۔ان کی دیگر معروف فلموں میں ’خاموشی: دی میوزیکل‘، ’اب تک چھپن‘ اور ’ویلکم‘ شامل ہیں۔انہوں نے سنجیدہ کرداروں کے ساتھ مزاحیہ کرداروں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ان کا شمار بھارتی سینما کے بااثر اداکاروں میں ہوتا تھا۔
نانا پاٹیکر نے کئی دہائیوں پر محیط کیریئر میں مختلف نوعیت کے کردار ادا کیے۔ ان کی اداکاری کو قومی سطح پر بھی پذیرائی ملی۔ان کے انتقال کی خبر کے بعد بھارتی فلمی صنعت میں سوگ کی فضا ہے۔ متعدد فنکاروں اور اہم شخصیات نے ان کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
