کراچی: سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے کی شہر کے دو مختلف مقامات پر مشترکہ کارروائیوں میں فتنہ الخوارج (ٹی ٹی پی) اور فتنہ الہندوستان (بی ایل اے) کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے دو دستی بم اور ایک تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) برآمد کیا گیا ہے، گرفتار دہشتگرد شہر میں حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
پہلی کارروائی کے دوران بھارتی حمایت یافتہ کالعدم دہشت گرد تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے تعلق رکھنے والے 2 دہشتگردوں ساجد یوسف ولد محمد یوسف اور شوکت علی عرف شوکی ولد حضور بخش کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے دو دستی بم برآمد ہوئے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کی مطابق مشترکہ ٹیم کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کالعدم تنظیم بی ایل اے سے تعلق رکھنے والے دو تربیت یافتہ دہشت گرد اپنے کمانڈر کی ہدایت پر ٹارگٹ کلنگ اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کی موبائل گاڑیوں پر حملوں میں ملوث رہے ہیں اور اس وقت کراچی میں موجود ہیں۔
دونوں دہشگردوں کو لسبیلہ چوک بس اسٹاپ کے قریب چھابہ مارکر گرفتار کیا گیا ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار دہشتگرد اپنے کمانڈر سے مسلسل رابطے میں تھے اور بارودی مواد کے ذریعے شہر کے حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
سی ٹی ڈی آپریشن کراچی اور وفاقی حساس ادارے کی مشترکہ ٹیم نے دوسری کارروائی کے دوران کالعدم دہشت گرد تنظیم فتنہ الخوارج تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق کے شبہے میں ایک دہشتگرد داد محمد عرف عادل ولد جلات خان کو گرفتار کر لیا۔ دہشتگرد کے قبضے سے ایک تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) برآمد ہوا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم افغانستان میں تربیت حاصل کر چکا ہے اور اپنے کمانڈر کی ہدایت پر کراچی میں حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
سی ٹی ڈی ٹیم نے وفاقی حساس ادارے کے ساتھ اولڈ سبزی منڈی کے مقام پر چھاپہ مارا جہاں سے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں، سہولت کاروں اور مالی معاونین کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے، ملزمان کیخلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں تین مقدمات درج کرلیے گئے۔
