وزیر اعظم شہباز شریف نے مکہ دفاعی معاہدے کو خطے میں امن، اتحاد اور استحکام کے لیے تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے مکہ ڈیفنس الائنس کے پہلے سیکرٹری جنرل، لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے بدھ کو ملاقات کی۔ وزیراعظم نے الائنس کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدہ خطے میں امن، اتحاد اور استحکام کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے ۔ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، دفاع اور علاقائی سلامتی کے لیے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے اپنے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے، سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں ۔
سیکرٹری جنرل مکہ ڈیفنس الائنس لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے وزیراعظم کو مکہ ڈیفنس معاہدے کے فریم ورک کے تحت دفاعی اور تذویراتی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے حکمت عملی سے آگاہ کیا۔
مکہ دفاعی اتحاد کے سیکرٹری جنرل نے گزشتہ روز صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی تھی جس میں صدر مملکت نے علاقائی امن اور دفاعی تعاون کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔
