ایران کے آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایرانی شرائط تسلیم ہونے تک آبنائے ہرمز بند رہے گی۔
ایرانی یوم بحریہ کے موقع پر ہفتے کو جاری پیغام میں انہوں نے یہ بات کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کی بندش ایرانی بحری افواج کا مقدس اور غیر متزلزل مشن ہے۔ ایرانی عوام اور قیادت بھی اس مشن کی حمایت کرتے ہیں۔
امیر حاتمی نے دعویٰ کیا کہ علاقائی پانیوں میں جہاز رانی پر ایران کا مسلسل کنٹرول امریکی فوج کی کمزوری ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی بحریہ اور مسلح افواج کی دیگر شاخیں عالمی طاقتوں کے سامنے ڈٹی ہوئی ہیں۔ ان کے بقول آبنائے ہرمز اور بحیرہ عمان میں دشمن کی کمزوری اور مایوسی واضح ہے۔
ایرانی آرمی چیف نے مزید کہا کہ دشمن کو سمندر میں بار بار شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

