دوحہ میں کھیلے گئے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے فائنل میں سری لنکا اے نے پاکستان شاہینز کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کے ساتھ سری لنکا اے نے ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
فائنل میں پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز اسکور کیے۔
شاہزیب خان نے 60 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ شمائل حسین نے 40 اور روحیل نذیر نے 37 رنز بنائے۔ کپتان عبدالصمد نے بھی 33 رنز کا حصہ ڈالا، جبکہ سفیان مقیم 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا اے کی جانب سے رویندو فرنینڈو اور گاروکا سنکیت نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ وانوچا سہان نے دو پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
217 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا اے نے بھرپور مقابلہ کیا۔ ٹیم نے 42 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
نشان مدوشکا نے 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کپتان رتھنائیکے نے 30 اور لاستھ نے 26 رنز بنائے۔ آخر میں لاہیرو سماراکون نے وننگ شاٹ کھیل کر اپنی ٹیم کو چیمپئن بنا دیا۔
پاکستان شاہینز کی جانب سے علی رضا اور سفیان مقیم نے عمدہ بولنگ کی۔ دونوں نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

