پوپ فرانسس نے اپنے سالانہ Urbi et Orbi (شہر اور دنیا کو) خطاب میں عالمی برادری سے ہتھیاروں کو خاموش کرنے اور تنازعات پر قابو پانے کے لیے اتحاد اور امن پر زور دیا۔ کرسمس کے دن سینٹ پیٹرز باسیلیکا کی مرکزی بالکونی سے خطاب کرتے ہوئے، پوپ نے امید اور مفاہمت کا پیغام دیا، خاص طور پر 2025 کے مقدس سال کے آغاز کے تناظر میں۔پوپ نے یوکرین، مشرق وسطیٰ، اور افریقہ کے تنازعات کے متاثرین کے لیے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کرسمس ایک موقع ہے کہ ہم ان علاقوں میں امن کے "امید کے یاتری” بنیں۔ پوپ فرانسس نے غزہ، لبنان، اور شام میں انسانی بحران پر روشنی ڈالی۔اور میانمارمیں جاری سیاسی اور سماجی تنازعات کو ختم کرنے کی اپیل کی ہے اسی طرح افریقی خطہ کانگو میں خسرہ اور دیگر بحرانوں سے متاثرہ لوگوں کے لیے مدد کی اپیل کی گئی۔
پوپ نے 2023 کے اسرائیل-حماس تنازعہ کے دوران یرغمال بنائے گئے افراد کی رہائی کے لیے اپنی درخواست کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اسرائیل اور فلسطین میں مسیحی برادریوں کو درپیش چیلنجوں پر بھی روشنی ڈالی۔
پوپ فرانسس نے جنگ اور قحط سے متاثرہ بچوں، تنہائی کا شکار بوڑھوں، اور اپنے عقیدے کی وجہ سے ستائے گئے افراد کے لیے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔
اپنے خطاب کے اختتام پر، پوپ نے تمام اقوام اور افراد کو تقسیمات سے بالاتر ہو کر متحد ہونے کی دعوت دی۔ انہوں نے ایک ایسی دنیا کے لیے امید اور امن کے جذبے کو اپنانے پر زور دیا جو تنازعات اور بحرانوں سے دوچار ہے۔