واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اہم اقدام کے تحت کیوبا کو دوبارہ دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی ریاستوں کی امریکی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے سابقہ فیصلے کو پلٹ کر لیا گیا ہے، جس میں کیوبا کو اس فہرست سے نکالا گیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے دفتر میں پہلے دن کئی ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کیے، جن میں سے ایک بائیڈن انتظامیہ کے 78 ایگزیکٹو ایکشنز کو منسوخ کرنا شامل تھا۔کیوبا کو "دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ممالک” کی فہرست میں شامل کرنے کا مقصد سفارتی دباؤ بڑھانا ہے۔یہ فیصلہ بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے کیوبا کو فہرست سے نکالنے کے دو سال بعد آیا ہے۔
کیوبا کے صدر میگوئل ڈیاز کینیل نے اس فیصلے کو "تضحیک اور توہین” قرار دیا، اور کہا کہ یہ امریکہ کے مخالف ممالک کو بدنام کرنے کی پالیسی کا تسلسل ہے۔دہشت گردی کی فہرست میں شامل ہونے کے باعث کیوبا پر اضافی پابندیاں عائد ہوں گی، جس سے اس کی پہلے سے کمزور معیشت پر مزید دباؤ پڑے گا۔