اسلام آباد : جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے رکن اور پاکستان کوبار کونسل کے نمائدے اختر حسین مستعفی ہو گئے جب کہ کونسل کی طرف سے نئے ممبر کی نامزدگی کے حوالے سے اہم اجلاس طلب کرلیا گیا۔احسن بھون کی تقرری کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق اختر حسین ایڈووکیٹ نے اپنا استعفیٰ چیئرمین جوڈیشل کمیشن آف پاکستان چیف جسٹس یحیٰی آفریدی کو ارسال کردیا۔
استعفے کے متن کے مطابق پاکستان بار کونسل نے مجھے تین مرتبہ متفقہ طور پر منتخب کیا، اعلیٰ عدلیہ میں حالیہ تعیناتیوں کے معاملے پر مزید فرائض انجام نہیں دے سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ممبر جوڈیشل کمیشن اپنے عہدے سے مستعفی ہو رہا ہوں، یقین دلاتا ہوں عدلیہ کی آزادی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا۔
اختر حسین نے کہا کہ چیئرمین پاکستان بار کونسل کا شکریہ ادا کرتا ہوں، انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور میری پوری مدت کے دوران تعاون فراہم کیا ، آپ سے درخواست ہے کہ آئین کے مطابق میری جگہ نیا رکن نامزد کیا جائے۔
سینئر وکیل اختر حسین نے کہا کہ میرا موقف رہا اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتیاں اکثریت کی بنیاد پر نہیں ہونی چاہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا جوڈیشل کمیشن میں بھی یہی موقف رہا ججز کی تعیناتیوں کیلئے کوئی طریقہ کار ہونا چاہیے، میرا موقف رہا ہائیکورٹس سے ججز کی تعیناتیوں کیلئے چالیس، چالیس ناموں پر غور نہیں ہونا چاہیے۔
پاکستان بار کونسل کی طرف سے جوڈیشل کمیشن کے نئے ممبر کی نامزدگی کے حوالے سے اہم اجلاس 26 فروری بدھ کے روز طلب کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ممبر جوڈیشل کمیشن کیلئے سینئر وکیل احسن بھون کو نامزد کیے جانے کا امکان ہے۔
