اسلام آباد اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش ۔پی ڈی ایم اے پنجاب کی صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی۔ آج اور کل میدانی علاقوں میں بارش ہو گی۔
ایبٹ آباد شہر کے گرد و نواح میں رات گئے سے مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے۔۔ سیاحتی مقامات نتھیاگلی، ایوبیہ ،ڈونگا گلی، چھانگلہ گلی، میرا جانی اور ٹھنڈیانی میں ایک سے ڈیڑھ فٹ تک برف باری ریکارڈ کی گئی۔۔۔
بارش اور برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔برف باری کے آغاز کیساتھ ہی سیاحوں نے گلیات کارخ کر لیا،گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو کی ٹیمیں برف ہٹانے میں مصروف ہیں ۔ضلعی حکومت نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں رات سے برفباری کاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
رواں موسمِ سرما میں طویل خشک موسم کے بعد فروری کے آخری اور مارچ کے پہلے ہفتے میں برفباری دیکھنے میں آئی ہے جس سے سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے۔
گلگت،دیامر،استوراوربلتستان ڈویژن کے اضلاع میں برفباری جاری ہے۔ ضلع ہنزہ اورنگر میں کاشتکاری کا موسم شروع ہوچکا ہے اور یہ برفباری غیر متوقع سمجھی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق موسمی تبدیلی کے اثرات کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ بلتستان ڈویژن میں ہونیوالی برفباری سے لوگوں کی معمول کی زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔برفباری سےاسلام اباد اور اسکردو کے درمیان پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں۔بارش اوربرفباری کا سلسلہ مزیدجاری رہنے کا امکان ہے
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹے کے دوران خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان ، کشمیر ، شمال مشرقی /وسطی پنجاب ،مری ، گلیات، خطہ پوٹھوہار اور اسلام آباد میں اکثر مقامات پر وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔
اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کی توقع ہے ۔گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران خیبر پختونخواہ، بالائی پنجاب میں درمیانی بارش /برفباری ہوئی جبکہ کشمیر ،بلوچستان، جنوبی پنجاب اور گلگت بلتستان میں ہلکی بارش ریکارڈ ہوئی ۔ سب سے کم درجہ حرارت لیہہ میں منفی13، کالام منفی 03،استور، بگروٹ،گوپس،پاراچنار اور سکردو میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا-
