حزب اللہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نعیم قاسم نے فلسطین کے لیے اپنی جماعت کی مستقل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے لبنانی سرزمین سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلاء اور خطے میں فوجی جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
المنار ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں، نعیم قاسم نے کہا کہ حزب اللہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنی مزاحمتی حکمتِ عملی پر قائم رہے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی پالیسیوں سے نہ صرف فلسطین بلکہ پورے مشرق وسطیٰ کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔”ہمارا مقصد نہ صرف فلسطینی عوام کی اپنے حقوق کی بحالی میں مدد کرنا ہے بلکہ اپنی خودمختاری اور قومی تحفظ کو بھی یقینی بنانا ہے۔”
حزب اللہ رہنما نے کہا کہ "طاقت کی حرکیات بدل سکتی ہیں، لیکن ہم ان تبدیلیوں کو اسرائیلی مفادات کے حق میں نہیں ہونے دیں گے۔”انہوں نے مزید کہا کہ تنظیم کا مقصد ایسا مستقبل بنانا ہے جو "لبنانی اور فلسطینی عوام کے وقار اور تحفظ کو یقینی بنائے”حزب اللہ نے لبنانی سرحد پر اسرائیلی خلاف ورزیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، جو حالیہ مہینوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا باعث بنی ہیں۔
