بیجنگ میں پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کی اہم ملاقات۔۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، چین کے وزیر خارجہ وانگ ای، اور قائم مقام افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے آج بیجنگ میں سہ فریقی ملاقات کی۔۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تینوں وزرائے خارجہ نے رابطے اور باہمی اعتماد میں اضافے کے ذریعے تعاون کو فروغ دینے کے لیے وسیع اور تعمیری مذاکرات کیے۔۔ علاقائی امن، ترقی، اور خطے میں رابطوں کے اسٹریٹجک وژن کو آگے بڑھانے میں سہ فریقی پلیٹ فارم کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا۔۔
چین اور پاکستان نے افغانستان میں حالیہ سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کا خیرمقدم کیا۔۔
وزرائے خارجہ نے امن و امان کو مضبوط اقتصادی روابط اور رابطوں کو علاقائی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری قرار دیا۔۔سہ فریقی فریم ورک کے تحت سفارتی روابط اور عملی تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا
نائب وزیر اعظم نے خاص طور پر تجارت، ٹرانزٹ، صحت اور رابطوں کے شعبوں میں افغانستان کے ساتھ قریبی اور تعمیری تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔۔ چین اور پاکستان کا بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے وسیع تر فریم ورک کے تحت چین-پاکستان اکنامک کاریڈور کو افغانستان تک توسیع دینے پر بات چیت کی گئی،۔۔
چین نے پاکستان اور افغانستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور قومی وقار کے تحفظ کی حمایت کا اظہار کیا۔۔فریقین کا امن اور استحکام کے فروغ کے لیے سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق پایا گیا۔۔
فریقین نے دہشتگردی کی ہر شکل اور ہر صورت کی مذمت کے عزم کو دہرایا۔۔ وزرائے خارجہ کا چھٹا اجلاس جلد اور باہمی طور پر موزوں تاریخ پر کابل میں منعقد ہوگا۔۔
