بھارت کا پاکستان کے پانچ مقامات پر میزائل حملہ، پاک فوج کی جوابی کارروائی جاری
ترجمان پاک فوج (ڈی جی آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت نے رات کی تاریکی میں پاکستان کے پانچ مختلف علاقوں پر میزائل حملے کیے ہیں، جن کے نتیجے میں ایک بچہ شہید اور متعدد شہری زخمی ہو گئے ہیں۔ پاک فضائیہ نے فوری ردعمل دیتے ہوئے جوابی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
حملے کے مقامات اور تفصیلات
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی میزائل حملے احمد پور شرقیہ (بہاولپور)، کوٹلی، مظفرآباد، باغ اور مریدکے پر کیے گئے۔
احمد پور شرقیہ میں مسجد سبحان اللّٰہ کو نشانہ بنایا گیا، جہاں شہری عبادت میں مصروف تھے۔کوٹلی اور مظفرآباد (آزاد کشمیر) میں بھی میزائل داغے گئے، جنہیں ڈی جی آئی ایس پی آر نے "بھارتی بزدلی اور شرمناک جارحیت” قرار دیا۔
جانی نقصان اور ردعمل
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس حملے میں ایک معصوم بچہ شہید ہوا جبکہ ایک مرد اور ایک عورت شدید زخمی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ بھارت کی طرف سے یہ حملہ اپنی حدود سے کیا گیا، بھارتی طیارے پاکستانی فضائی حدود میں داخل نہیں ہو سکے۔
پاک فضائیہ کے طیارے فضا میں موجود ہیں اور جوابی کارروائی کا آغاز ہو چکا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے دو ٹوک اعلان کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ "بھارت نے ایک بزدلانہ اور شرمناک حملہ کیا ہے، ہم وقت اور جگہ کا تعین خود کریں گے اور بھرپور جواب دیں گے۔