کسی کو پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے، صدر آصف زرداری
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کو دوست ممالک کے کامیاب دوروں سے آگاہ کیا، ملاقات میں ملکی سیاسی، معاشی اور دفاعی امور پر تبادلہ خیال
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان گورنر ہاؤس لاہور میں اہم ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں پاکستان کی داخلی و خارجی صورتحال، معیشت کی بہتری، اور قومی سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
صدر مملکت آصف زرداری نے ملاقات کے دوران واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا”کسی کو پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ پاکستان ایک خودمختار اور مضبوط ریاست ہے جسے دنیا اب تسلیم کر رہی ہے۔”
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام ریاستی ادارے مل کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھیں گے اور قومی مفاد ہر چیز پر مقدم ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مؤقف
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر زرداری کو حالیہ غیر ملکی دوروں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر اپنا مثبت تشخص اجاگر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا”دوست ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی ہے، پاکستان نے ہمیشہ امن کا پیغام دیا ہے، اور پاک افواج کی بہادری کی بدولت آج کوئی بھی پاکستان کی سالمیت کو چیلنج نہیں کر سکتا۔”
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز پر بھی قابو پایا جا رہا ہے، اور حکومت ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کر رہی ہے۔اس اہم ملاقات میں گورنر پنجاب سلیم حیدر خان اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بھی شریک تھے۔ شرکاء نے ملکی سیاسی استحکام، بین الاقوامی تعلقات اور داخلی سلامتی سے متعلق اہم نکات پر اتفاق کیا۔