ملک دشمنوں کا ایک بار پھر بزدلانہ وار ۔۔ شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں بھارتی سرپرست دہشتگرد تنظیم "فتنہ الخوارج” کے خودکش حملے میں پاک فوج کے 13 جوان شہید جبکہ 3 شہری زخمی ہو گئے۔ حملے میں دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی قافلے سے ٹکرائی گئی۔ جوابی کارروائی میں 14 خوارج دہشتگرد مارے گئے۔۔ ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش حملےکی کوشش کیا۔ قافلے میں شامل لیڈنگ وہیکل نے کوشش ناکام بنائی۔۔ مایوسی کے عالم میں بھارتی سپانسرڈ خارجیوں نے بارود سے بھری گاڑی قافلے میں شامل دوسری گاڑی سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 13 بہادر جوان شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہو گئے جبکہ ایک خاتون اور دو بچوں سمیت تین شہری زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی یہ کارروائی بزدلی اور دشمن کی ناکامی کا مظہر ہے، جو بھارتی سرپرستی میں پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش ہے۔ حملے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 14 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں میں مختلف رینک اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے سپاہی شامل ہیں۔ ان میں 45 سالہ صوبیدار زاہد اقبال (ضلع کرک)، 39 سالہ حوالدار (نصیر آباد)، 41 سالہ حوالدار میاں یوسف (بونیر)، 34 سالہ نائیک خطاب شاہ (لوئر دیر)، 32 سالہ لانس نائیک اسماعیل (نصیر آباد)، 30 سالہ سپاہی روحیل (میرپور خاص)، 33 سالہ سپاہی محمد رمضان (ڈیرہ غازی خان)، 30 سالہ سپاہی نواب (کوئٹہ)، 24 سالہ سپاہی زبیر احمد (نصیر آباد)، 31 سالہ سپاہی محمد سخی (ڈیرہ غازی خان)، 20 سالہ سپاہی ہاشم عباسی (ایبٹ آباد)، 25 سالہ سپاہی مدثر اعجاز (لیہ)، اور 23 سالہ سپاہی منظر علی (مردان) شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ قربانیاں پاکستان کے امن و استحکام کے لیے دی گئی ہیں، اور ان شہداء کی بہادری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ پاک فوج ملک دشمن عناصر کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے گی اور ہر قیمت پر وطن عزیز کا دفاع یقینی بنائے گی