اسلام آباد: این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں 29 جون سے 5 جولائی 2025 تک متوقع موسلا دھار بارشوں، آندھی اور گرج چمک کے پیش نظر متعدد الرٹ جاری کر دیے ہیں۔
این ای او سی کے مطابق کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، پوٹھوہار ریجن، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے بالائی و وسطی علاقوں میں 29 جون سے 3 جولائی کے دوران شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کے نتیجے میں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور کوہاٹ سمیت خیبر پختونخوا کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ ہے۔ پوٹھوہار ریجن میں بھی اٹک، چکوال، راولپنڈی اور اسلام آباد میں 29 جون کی شب 9 بجے سے صبح 4 بجے تک بارش کے دوران شہری سیلاب کے امکانات زیادہ ہیں۔
شمال مشرقی پنجاب کے کم بلند علاقوں میں جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال اور لاہور میں بھی ایمرجنسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، جبکہ فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن میں مقامی سیلابی کیفیت اور بارش سے متعلقہ ہنگامی حالات پیدا ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن، آزاد کشمیر کی جہلم اور پونچھ وادیوں اور شمال مشرقی پنجاب کی پیر پنجال رینج میں اچانک طغیانی کا خدشہ ہے۔ این ای او سی نے دریائے کابل (نوشہرہ) اور اس کے معاون دریاؤں میں نچلی سطح کا سیلاب، دریائے سوات میں درمیانے درجے کے بہاؤ اور تربیلا ڈیم کے زیریں علاقوں اور دریائے چناب (خانکی اور قادر آباد) میں بھی نچلے درجے کا بہاؤ متوقع قرار دیا ہے۔
مزید یہ کہ دریائے چترال اور ہنزہ کے معاون ندی نالوں میں بھی اچانک سیلاب کا خدشہ ہے، جن میں کنجراب، غوجراب، کلیک، چپورسن اور شمشل برالڈو شامل ہیں، جس سے پہاڑی علاقوں میں ٹرانسپورٹ اور مواصلاتی نظام میں رکاوٹ اور لینڈ سلائیڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
جنوبی سندھ کے اضلاع حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ اور کراچی میں بھی 29 جون سے 5 جولائی تک شدید سے انتہائی شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ 2 جولائی سے کراچی ڈویژن کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کے خطرات نمایاں طور پر بڑھ جائیں گے جبکہ حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین کے بعض علاقے بارش کا پانی جمع ہونے سے ہنگامی صورتحال سے دوچار ہو سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے، ایمرجنسی پلان فعال رکھنے اور مقامی زبانوں میں بروقت انتباہ جاری کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مصدقہ سرکاری اطلاعات سے باخبر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دریا کے کناروں اور گلیشیائی ندی نالوں کے قریب جانے سے پرہیز کریں اور ایمرجنسی کٹس تیار رکھیں۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.