پاکستان اور آسٹریلیا کی وائٹ بال سیریز کی ممکنہ تاریخیں سامنے آ گئیں — دو مرحلوں میں شیڈول

پاکستان اور آسٹریلیا کی وائٹ بال سیریز کی ممکنہ تاریخیں سامنے آ گئیں — دو مرحلوں میں شیڈول
اسلام آباد — آسٹریلوی کرکٹ ٹیم آئندہ سال 2026 کے اوائل میں پاکستان کا دورہ کرے گی، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان وائٹ بال سیریز دو مرحلوں میں کھیلی جائے گی۔

کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق، پہلا مرحلہ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل ہوگا جو 30 جنوری سے 5 فروری 2026 تک شیڈول ہیں۔ یہ سیریز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے قبل کھیلی جائے گی تاکہ دونوں ٹیمیں عالمی ایونٹ کے لیے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے سکیں۔

جبکہ دوسرے مرحلے میں تین ون ڈے میچز شامل ہیں جو 13 سے 19 مارچ 2026 تک کھیلے جائیں گے۔ امکان ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) جلد ہی وینیوز اور تفصیلی شیڈول کا باضابطہ اعلان کرے گا۔

کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او ٹوڈ گرین برگ نے اپنے بیان میں کہا کہ “مجھے یقین ہے کہ یہ پاکستان کا شاندار دورہ ہوگا۔ پاکستان کے خلاف سیریز ہمارے بین الاقوامی شیڈول کا ایک اہم حصہ ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ریڈ اور وائٹ بال دونوں سیریز کے حوالے سے مثبت بات چیت جاری ہے۔
گرین برگ نے 2022 کے کامیاب دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “پاکستان میں ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا، اور ہم مستقبل میں بھی وہاں کھیلنے کے خواہشمند ہیں۔”

واضح رہے کہ پاکستان نے آخری بار نومبر 2024 میں آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا، جہاں محمد رضوان کی قیادت میں پاکستان نے 2002 کے بعد پہلی مرتبہ آسٹریلیا کو ون ڈے سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے