پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا معرکہ آج راولپنڈی میں ہوگا
راولپنڈی – پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا ون ڈے آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں دونوں ٹیمیں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے لیے میدان میں اتریں گی۔
میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس سیشنز میں حصہ لیا۔ پاکستانی اور سری لنکن کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں اپنی کمزوریاں دور کرنے کے لیے خصوصی مشقیں کیں۔
مہمان سری لنکن ٹیم جب پریکٹس کے لیے اسٹیڈیم پہنچی تو شائقین کرکٹ نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے شاندار استقبال کیا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے آپس میں ہاتھ ملائے جبکہ تماشائیوں نے کہا کہ "دہشت گردی کو بولڈ آؤٹ کر دیا گیا ہے، پاکستان اور سری لنکا کی دوستی ہمیشہ قائم رہے گی”۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی راولپنڈی اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ سری لنکن ہائی کمشنر، وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور آئی جی اسلام آباد بھی موجود تھے۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے سکیورٹی انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے سیریز کے پہلے ون ڈے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے کامیابی حاصل کر کے تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری اپنے نام کر رکھی ہے۔ پاکستان کے 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنا سکی تھی۔