امریکا سعودی عرب کو جدید ترین F-35 لڑاکا طیارے فروخت کرئے گا: ٹرمپ

0

واشنگٹن – امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی شراکت داری ایک نئے موڑ کی طرف بڑھ رہی ہے، کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز اعلان کیا کہ وہ سعودی عرب کو جدید ترین F-35 اسٹیلتھ لڑاکا طیارے فروخت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب سعودی ولی عہد اور وزیرِاعظم محمد بن سلمان سات سال بعد اپنے انتہائی اہم اور تاریخی دورہ واشنگٹن پر پہنچنے والے ہیں۔

جب ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا وہ سعودی عرب کو F-35 جیٹ فروخت کریں گے تو انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا:
"میں کہوں گا کہ ہم ایسا کریں گے… ہم F-35s فروخت کریں گے۔”

مبصرین کے مطابق یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان کئی متوقع بڑے دفاعی اور اقتصادی سمجھوتوں میں سے ایک ہے، جو اس دورے کو غیر معمولی سفارتی اہمیت دے رہا ہے۔ امریکہ پہلے ہی سعودی عرب کا سب سے بڑا اسلحہ فراہم کنندہ ہے، اور ٹرمپ انتظامیہ ریاض کے ساتھ دفاعی تعاون کو ایک نئی بلندی تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کر چکی ہے۔

سعودی فضائیہ اس وقت بوئنگ F-15s، یورپی ٹورنیڈوز اور ٹائفون جیسے مختلف لڑاکا طیارے استعمال کرتی ہے، جبکہ F-35 کو دنیا کا سب سے جدید اور اسٹیلتھ ٹیکنالوجی پر مبنی جنگی طیارہ سمجھا جاتا ہے، جو دشمن کے ریڈار سے بآسانی بچ نکلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

قابلِ ذکر ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں اس وقت صرف اسرائیل کے پاس F-35 موجود ہیں، جو تقریباً ایک دہائی سے اس طیارے کا استعمال کر رہا ہے اور اس کے متعدد اسکواڈرن قائم کر چکا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ سودہ مکمل ہو جاتا ہے تو خطے میں طاقت کا توازن نئی سمت اختیار کر سکتا ہے، جبکہ امریکہ–سعودی تعلقات ایک بار پھر عالمی سیاست میں مرکزی حیثیت اختیار کر لیں گے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.