افغانستان میں امن و استحکام کے لئے ایران نے خطے کا اہم اجلاس اگلے ہفتے طلب کرلیا
تہران : ایران کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ہفتے تہران میں ایک علاقائی اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس کا مقصد افغانستان سے متعلق پیش رفت پر تبادلہ خیال اور مشاورت کرنا ہے۔
ایران کے وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے صحافیوں کو بتایا کہ اجلاس کی میزبانی ایران کرے گا اور اس میں پاکستان، تاجکستان، ازبکستان، ترکمانستان، چین اور روس کے افغان امور کے خصوصی نمائندے شریک ہوں گے۔ اجلاس میں خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
بقائی نے کہا کہ ایران اپنے پڑوسی ممالک میں سلامتی اور استحکام کو بنیادی ترجیح دیتا ہے اور علاقائی کشیدگی کو کم کرنے اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اجلاس اتحاد کو مضبوط بنانے اور تناؤ کم کرنے میں مؤثر ثابت ہوگا۔
یہ اقدام ایران کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے کہ وہ اپنے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں فعال کردار ادا کرے اور پڑوسی ممالک کے ساتھ مضبوط روابط قائم رکھے۔