کیمرون گرین آئی پی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین غیرملکی کھلاڑی بن گئے
نئی دہلی — آسٹریلیا کے آل راؤنڈر کیمرون گرین نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے اور وہ لیگ کے مہنگے ترین غیرملکی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ آئی پی ایل کی تازہ نیلامی میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے کیمرون گرین کو 25 کروڑ 20 لاکھ بھارتی روپے میں اپنی ٹیم کا حصہ بنا لیا۔
اس خریداری کے ساتھ ہی کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے اپنا ہی پچھلا ریکارڈ توڑ دیا۔ یاد رہے کہ 2024 کی نیلامی میں کے کے آر نے آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کو 24 کروڑ 75 لاکھ روپے میں خریدا تھا، جو اس وقت آئی پی ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی ڈیل تھی۔ کیمرون گرین کی بولی نے اس ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
کیمرون گرین اب ان آسٹریلوی کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جنہیں آئی پی ایل میں 20 کروڑ روپے سے زائد معاوضہ ملا ہے۔ اس سے قبل مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز 20 کروڑ 50 لاکھ روپے میں فروخت ہو چکے ہیں، جبکہ اب گرین اس فہرست میں سب سے اوپر آ گئے ہیں۔
آسٹریلوی آل راؤنڈر کی آئی پی ایل میں کارکردگی بھی متاثر کن رہی ہے۔ وہ اب تک آئی پی ایل کے 29 میچز میں 153.69 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ سے 707 رنز بنا چکے ہیں۔ کیمرون گرین اس سے قبل ممبئی انڈینز اور رائل چیلنجرز بنگلورو کی نمائندگی کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے اپنی آل راؤنڈ صلاحیتوں سے خود کو ایک قیمتی کھلاڑی ثابت کیا۔
دوسری جانب نیلامی میں لکھنؤ سپر جائنٹس نے جنوبی افریقا کے اسپیڈ اسٹار اینریچ نورٹجے کو 2 کروڑ روپے میں خریدا، جبکہ سری لنکا کے فاسٹ بولر متھیشا پاتھیرانا 18 کروڑ روپے میں فروخت ہوئے۔
واضح رہے کہ آئی پی ایل کا اگلا سیزن 26 مارچ سے شروع ہو کر 31 مئی تک کھیلا جائے گا، جہاں شائقین کو ایک بار پھر دنیا کے بہترین کرکٹرز کی سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔