ایشیا کپ انڈر 19 کے کامیاب انعقاد پر اے سی سی ٹیم کو خراجِ تحسین، ہائی پرفارمنس سنٹرز کے قیام کی منظوری
دبئی — ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے ایشیا کپ انڈر 19 کے کامیاب انعقاد پر اے سی سی کی پوری ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل کے ہیڈ کوارٹر میں صدر اے سی سی محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں انڈر 19 ایشیا کپ کے لیے کیے گئے مثالی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اے سی سی ٹیم کا شکریہ ادا کیا گیا۔
اجلاس میں ایشیا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ ہائی پرفارمنس سنٹرز قائم کرنے کے فیصلے کی منظوری بھی دی گئی۔ محسن نقوی نے کہا کہ ان جدید ہائی پرفارمنس سنٹرز سے بالخصوص وہ ایشیائی ممالک استفادہ کر سکیں گے جہاں جدید تربیتی سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اے سی سی کے تحت قائم کیے جانے والے ہائی پرفارمنس سنٹرز کا دائرہ کار مرحلہ وار بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ رکن ممالک کو جدید کرکٹ انفراسٹرکچر کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
اجلاس میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام، افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین میرویس اشرف، ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے جنرل سیکریٹری مبشر عثمانی، اے سی سی کے تھوسٹ پریرا سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے شرکا نے ایشیا کپ انڈر 19 کو ایشیائی کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے مستقبل میں مزید بڑے اور معیاری ایونٹس کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔