البانیا میں کرپشن الزامات پر حکومت مخالف مظاہرے، وزیراعظم کے دفتر پر پیٹرول بم حملہ
تیرانا – البانیا میں حکومت کے خلاف کرپشن الزامات کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں شدید احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے، جہاں مشتعل مظاہرین نے وزیراعظم ایڈی راما کے دفتر پر پیٹرول بم پھینک دیے اور حکومت سے فوری استعفے کا مطالبہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق احتجاج کا آغاز نائب وزیراعظم بیلندا بلوکو کے خلاف مبینہ بدعنوانی کے الزامات پر فردِ جرم عائد کیے جانے کے بعد ہوا، جس نے ملک میں سیاسی کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔
تحقیقاتی اداروں کے مطابق نائب وزیراعظم سمیت متعدد حکومتی عہدیداروں اور نجی کمپنیوں پر الزام ہے کہ انہوں نے بڑے انفرا اسٹرکچر منصوبوں میں ریاستی فنڈز کا غلط استعمال کرتے ہوئے مخصوص کمپنیوں کو فائدہ پہنچایا۔ ان منصوبوں میں شفافیت اور مالی بے ضابطگیوں پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
احتجاج کے دوران کئی مقامات پر سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان کشیدگی بھی دیکھی گئی، تاہم حکام کے مطابق صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم بیلندا بلوکو نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عدالتی عمل کے ساتھ مکمل تعاون کریں گی اور انصاف پر مکمل اعتماد رکھتی ہیں۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ حالیہ مظاہرے البانیا میں حکومتی ساکھ اور سیاسی استحکام کے لیے ایک بڑا چیلنج بن سکتے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک پہلے ہی معاشی دباؤ اور اصلاحاتی مراحل سے گزر رہا ہے۔