پی سی بی نے بغیر اجازت ٹورنامنٹس پر پابندی عائد کردی
لاہور — پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے بغیر اجازت کرکٹ ٹورنامنٹس کے انعقاد پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اب کسی بھی سطح پر کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے پی سی بی سے پیشگی اجازت حاصل کرنا لازمی ہو گی۔ بغیر اجازت منعقد ہونے والے ٹورنامنٹس میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں پر پابندی عائد کی جائے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پی سی بی نے تمام متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو انڈر 23 کرکٹ ٹیمیں تشکیل دینے کے لیے باضابطہ خط ارسال کر دیا ہے۔ ان ڈیپارٹمنٹل انڈر 23 ٹیموں کے لیے قومی سطح پر ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا، جس کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو منظم پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
فیصلے کے تحت کراچی میں کمرشل کرکٹ کے انعقاد کے لیے پی سی بی اور آر سی اے (کراچی کرکٹ ایسوسی ایشن) سے اجازت لینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ امپائرز اور اسکوررز پر بھی پابندی عائد کی جائے گی۔
پی سی بی حکام کے مطابق یہ اقدامات ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کو منظم کرنے اور معیار کو بلند کرنے کے لیے کیے گئے ہیں۔