دبئی — پاکستان کے اولمپک جیولین تھرو گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے دبئی میں منعقد ہونے والی 17ویں اسپورٹس ورلڈ سمٹ کے موقع پر شیخ محمد بن راشد اسپورٹس ایوارڈ وصول کر لیا۔
تقریب دبئی میں منعقد ہوئی جس میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی کھیلوں کی نامور شخصیات، اسپورٹس منتظمین اور عالمی اداروں کے نمائندے شریک تھے۔ ارشد ندیم کو یہ اعزاز عالمی سطح پر کھیلوں میں شاندار کارکردگی اور پاکستان کا نام روشن کرنے پر دیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ “ارشد ندیم کا یہ اعزاز نہ صرف ان کی محنت اور لگن کا اعتراف ہے بلکہ پورے پاکستان کے لیے فخر کا مقام ہے۔”
واضح رہے کہ ارشد ندیم نے اولمپکس میں تاریخی گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کے لیے ایک نیا سنگِ میل قائم کیا تھا، جس کے بعد وہ عالمی سطح پر پاکستان کے سب سے نمایاں ایتھلیٹس میں شمار کیے جا رہے ہیں۔ ان کی کامیابی نے پاکستان میں ایتھلیٹکس کے فروغ کے لیے نئی امید پیدا کی ہے۔
