آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان ویمنز ٹیم کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، جہاں جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد گرین شرٹس کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کر لی۔ برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر بری طرح ناکام رہی اور کپتان فاطمہ ثناء کی شاندار نصف سنچری کے باوجود ٹیم فتح حاصل نہ کر سکی۔
پاکستانی کپتان فاطمہ ثناء نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم ابتدائی بلے باز جنوبی افریقہ کی منظم بولنگ کے سامنے زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔ صرف 50 رنز کے مجموعے پر پاکستان کی آٹھ وکٹیں گر چکی تھیں اور ٹیم شدید مشکلات سے دوچار تھی۔
اس نازک مرحلے پر کپتان فاطمہ ثناء نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 55 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ طوبیٰ حسن نے نچلے نمبروں پر 23 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ ان دونوں کی مزاحمت کی بدولت پاکستان 20 اوورز میں 129 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔
پاکستان کی جانب سے عالیہ ریاض 10، ارم جاوید 11، عائشہ ظفر 9، رامین شمیم 6، نتالیہ پرویز 4، گل فیروزہ ایک اور مبینہ علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئیں، جبکہ ٹاپ آرڈر ایک بار پھر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔
130 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کو بھی پاکستانی بولرز کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اینڈی ڈریکسن نے 52 رنز کی اہم اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ نڈائن ڈی کلرک نے 37 رنز بنا کر ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا۔ جنوبی افریقہ نے مطلوبہ ہدف 16.5 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثناء نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سعدیہ اقبال اور طوبیٰ حسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، تاہم بولرز کی کوششیں ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔
مسلسل دو ناکامیوں کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے سیمی فائنل کی دوڑ مزید مشکل ہو گئی ہے اور اب ہفتے کو بنگلا دیش کے خلاف ہونے والا میچ پاکستان کے لیے انتہائی اہم حیثیت اختیار کر گیا ہے، جہاں کامیابی کی صورت میں ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنی امیدیں برقرار رکھ سکتی ہے۔
