پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ میں رستمِ پاکستان دنگل کا اعلان، مقابلہ 16 جنوری کو ہوگا

0

گوجرانوالہ — پنجاب کا شہر گوجرانوالہ، جو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پہلوانوں کے شہر کے طور پر جانا جاتا ہے، ایک بار پھر دیسی کُشتی کے شائقین کی توجہ کا مرکز بننے جا رہا ہے۔ شہر میں دیسی کُشتی کے سب سے بڑے مقابلے رستمِ پاکستان دنگل کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔

کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر نے رستمِ پاکستان دنگل کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ بڑا مقابلہ رواں ماہ 16 جنوری کو جناح اسٹیڈیم گوجرانوالہ میں منعقد ہوگا، جہاں ملک بھر سے کُشتی کے شائقین ایک سنسنی خیز مقابلہ دیکھ سکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ دنگل میں گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے دو نامور پہلوان، عدنان ٹائراں والا اور گلزار عرف گلو آمنے سامنے ہوں گے۔ دونوں پہلوان قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر چکے ہیں اور ان کے درمیان مقابلہ شائقین کے لیے خاص دلچسپی کا باعث بنے گا۔

انتظامیہ کے مطابق رستمِ پاکستان دنگل کے فاتح پہلوان کو رستمِ پاکستان گرز سمیت 15 لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا، جبکہ رنر اپ پہلوان کو 10 لاکھ روپے نقد انعام سے نوازا جائے گا۔

کمشنر گوجرانوالہ کا کہنا تھا کہ 16 جنوری کو اکھاڑے میں شائقین کو دیسی کُشتی کا ایک یادگار اور اعلیٰ معیار کا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا، جو گوجرانوالہ کی پہلوانی روایت کو مزید تقویت دے گا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.