ٹرمپ نے پوٹن کی رہائش گاہ پر مبینہ یوکرینی حملے کے روسی دعوے کو مسترد کر دیا
واشنگٹن/ایئر فورس ون — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں اس بات پر یقین نہیں کہ یوکرین نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی رہائش گاہ پر کوئی حملہ کیا ہے، جیسا کہ ماسکو نے دعویٰ کیا تھا۔
فلوریڈا سے واشنگٹن واپسی کے دوران ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ممکن ہے کسی مقام کے قریب کوئی واقعہ ہوا ہو، لیکن ان کے بقول اس کا پوٹن کی رہائش گاہ سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب روس نے پیر کے روز الزام عائد کیا کہ یوکرین نے شمالی نوگوروڈ کے علاقے میں واقع پوٹن کی رہائش گاہ کو 91 طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز سے نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ ماسکو نے یہ بھی کہا کہ اس واقعے کے بعد وہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ کے ساتھ جاری مذاکرات میں اپنی پوزیشن پر نظرثانی کرے گا۔