ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلوی ٹیم کی 27 جنوری کو پاکستان آمد متوقع

0

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی 27 جنوری کو پاکستان آمد متوقع ہے، جہاں وہ پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان یہ تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سیریز کے لیے تین ممکنہ شیڈول کرکٹ آسٹریلیا کو ارسال کر دیے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ شیڈول کے مطابق آسٹریلوی ٹیم 26 یا 27 جنوری کو پاکستان پہنچے گی اور 2 فروری تک قیام کرے گی۔ یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا اہم حصہ سمجھی جا رہی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے بھجوائے گئے پلانز کے مطابق ایک تجویز یہ ہے کہ دو میچز لگاتار کھیلے جائیں جبکہ تیسرے میچ سے قبل ایک دن کا وقفہ دیا جائے۔ دوسرے پلان میں تینوں میچز ایک ایک دن کے وقفے سے کرانے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ تیسرے پلان کے تحت پہلے ایک میچ اور اس کے بعد دو میچز لگاتار کھیلے جائیں گے۔

کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے حتمی رضامندی کے بعد سیریز کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اختتام پر پاکستان کے دورے کے دوران ون ڈے سیریز بھی کھیلے گی۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.