سعودی عرب سفید اسٹرابری پیدا کرنے والے دنیا کے تین بڑے ممالک میں شامل
سعودی عرب نے زرعی شعبے میں ایک نیا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے سفید اسٹرابری کی پیداوار شروع کر دی ہے اور وہ اس منفرد پھل کو پیدا کرنے والا خطے کا پہلا جبکہ امریکا اور جاپان کے بعد دنیا کا تیسرا ملک بن گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق حائل ریجن کے گورنر شہزادہ عبدالعزیز بن سعد بن عبدالعزیز نے مملکت میں پہلی مرتبہ سفید اسٹرابری کی پیداوار کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر شہزادہ سعد بن نواف بن سعد، شہزادہ سعود بن فہد بن جلوی، شہزادہ عبدالعزیز بن فہد بن جلوی، اسٹرابری پارک کے مالک حمود بن حمد التمیمی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔
گورنر نے حائل اسٹرابری پارک کے ساتویں سیزن کا بھی افتتاح کیا اور وہاں منعقدہ زرعی نمائش کا دورہ کرتے ہوئے جدید کاشت کاری کے طریقوں اور مقامی پیداوار کے معیار کو سراہا۔ انہوں نے زرعی شعبے میں دانشمند قیادت کی جانب سے فراہم کی جانے والی حمایت کو اجاگر کیا اور کہا کہ زراعت غذائی تحفظ کے بنیادی ستونوں میں سے ایک اور قومی معیشت کا اہم حصہ ہے۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سعد بن عبدالعزیز نے اس موقع پر کہا کہ حائل ریجن مملکت کے اہم ترین زرعی علاقوں میں شمار ہوتا ہے اور یہاں سفید اسٹرابری جیسی جدید اقسام کی کامیاب کاشت اس خطے کی زرعی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔
واضح رہے کہ سفید اسٹرابری ایک نایاب قسم ہے جس کا ذائقہ انناس سے مشابہ سمجھا جاتا ہے اور دنیا میں اب تک صرف چند ممالک ہی اس کی تجارتی سطح پر پیداوار میں کامیاب ہوئے ہیں۔