مکہ مکرمہ بس پراجیکٹ نے مسجد الحرام سے حرا ثقافتی ڈسٹرکٹ تک نئے روٹ کا آغاز کر دیا

Makkah Bus Project launches new route from Masjid Al Haram to Hira Cultural District

مکہ مکرمہ – مکہ مکرمہ بس پراجیکٹ نے زائرین کی سہولت کے لیے مسجد الحرام سے حرا ثقافتی ڈسٹرکٹ تک ایک نئے روٹ کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد مذہبی اور ثقافتی مقامات کے درمیان براہِ راست اور آسان رابطہ فراہم کرنا ہے۔

سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مکہ مکرمہ میں دنیا بھر سے آنے والے زائرین عمرے کی ادائیگی کے بعد شہر کے اسلامی اور تاریخی مقامات کی زیارت کے لیے جاتے ہیں، جن میں جبل النور اور جبل الثور سب سے نمایاں ہیں۔ جبل النور کی چوٹی پر غار حرا واقع ہے، جبکہ اس کے دامن میں حرا ثقافتی ڈسٹرکٹ قائم ہے، جہاں غار حرا کا ماڈل بھی بنایا گیا ہے تاکہ وہ زائرین جو چوٹی تک نہ جا سکیں، وہ یہاں غار کے مجسمے کو دیکھ سکیں۔

مکہ مکرمہ بس کے نئے روٹ کے ذریعے زائرین کو قرآن کریم میوزیم، غار حرا اور دیگر اہم مقامات تک براہِ راست رسائی حاصل ہوگی۔ اس ٹرانسپورٹ سروس کے تحت شہر میں 12 روٹس پر بس سروس فراہم کی جا رہی ہے، جن میں 400 بسیں شامل ہیں اور 431 بس اسٹیشنز قائم ہیں، جن کی مجموعی مسافت 580 کلومیٹر ہے۔ اب تک مکہ مکرمہ بس سروس کے ذریعے 188 ملین (18 کروڑ 80 لاکھ) مسافروں کو سہولت فراہم کی جا چکی ہے۔

نیا روٹ عمرہ زائرین کو مسجد الحرام سے براہِ راست جبل النور اور حرا ثقافتی مرکز تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ منصوبے کا مقصد شہر کے رہائشیوں اور زائرین کو عالمی معیار کا پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کرنا ہے، جو سعودی وژن کے اہداف کے مطابق ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے