چین نے ایران پر امریکی تجارتی پابندیوں کو مسترد کردیا

واشنگٹن میں چینی سفارت خانے

بیجنگ – امریکا کی جانب سے ایران سے تجارت کرنے والے ممالک پر نئی پابندیاں عائد کرنے کے فیصلے پر چین کا ردِعمل سامنے آ گیا ہے، جہاں چینی حکومت نے اس اقدام کو غیرقانونی اور یک طرفہ قرار دیتے ہوئے سخت مخالفت کا اظہار کیا ہے۔

واشنگٹن میں چینی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کسی بھی قسم کی غیرقانونی، یک طرفہ پابندیوں اور دائرۂ اختیار کے ناجائز استعمال کی سخت مخالفت کرتا ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ ایسے اقدامات بین الاقوامی قوانین اور عالمی تجارتی اصولوں کے منافی ہیں۔

چینی سفارت خانے نے مزید کہا کہ ٹیرف کے بے ترتیب اور بلا جواز نفاذ کے خلاف چین کا مؤقف ہمیشہ سے واضح اور مستقل رہا ہے۔ چین کے مطابق تجارتی جنگوں یا ٹیرف پالیسیوں میں کوئی فاتح نہیں ہوتا بلکہ اس سے عالمی معیشت کو نقصان پہنچتا ہے۔

بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ دباؤ یا زبردستی کے ذریعے مسائل حل نہیں کیے جا سکتے۔ چین نے خبردار کیا کہ وہ اپنے جائز قومی اور معاشی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے تجارت کرنے والے ممالک پر 25 فیصد اضافی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل قرار دیا گیا ہے۔ اس امریکی فیصلے کے بعد عالمی سطح پر ردِعمل کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے اور خطے میں کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے