نیویارک میں تاریخ کی سب سے بڑی نرسز ہڑتال، 15 ہزار نرسز نے کام کے بہتر حالات کے لیے احتجاج شروع کر دیا

The largest nurses' strike in history in New York, 15,000 nurses began protesting for better working conditions

نیویارک سٹی – امریکی شہر نیویارک میں تقریباً 15 ہزار نرسز نے بہتر کام کے حالات اور ملازمت کے حقوق کے لیے ہڑتال شروع کر دی ہے، جسے شہر کی تاریخ میں نرسز کی سب سے بڑی ہڑتال قرار دیا جا رہا ہے۔

ہڑتال پیر کی صبح اس وقت شروع ہوئی جب تین بڑے نجی اسپتالوں اور حکومت کے درمیان معاہدے کے مذاکرات ناکام ہو گئے۔ نیویارک اسٹیٹ نرسنگ ایسوسی ایشن کے مطابق اسپتال انتظامیہ محفوظ اور میرٹ پر اسٹاف بھرتی، نرسوں کو ملنے والے صحت کے فوائد اور کام کی جگہ پر تشدد سے تحفظ جیسے بنیادی مسائل پر پیش رفت کرنے میں ناکام رہی۔

یونین کا الزام ہے کہ شہر کے امیر ترین اسپتال نرسوں کی ہیلتھ انشورنس میں کٹوتی کی دھمکی دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں، اسپتال انتظامیہ ’نرس ٹو پیشنٹ‘ تناسب کے قوانین کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جو 2021 میں کووڈ-19 کے بعد نافذ ہوئے تھے۔ ان قوانین کے تحت ہر اسپتال میں اسٹافنگ کمیٹیاں قائم ہیں اور انتہائی نگہداشت یونٹس میں کم از کم ایک نرس پر دو مریضوں کی حد مقرر کی گئی تھی۔

نرسز نے یہ بھی نشاندہی کی کہ کام کی جگہ پر تشدد میں اضافہ ہوا ہے، لیکن انتظامیہ حفاظتی اقدامات، جیسے داخلی راستوں پر میٹل ڈیٹیکٹرز نصب کرنے، پر آمادہ نہیں ہے۔ حالیہ مہینوں میں ماؤنٹ سائنائی اور نیویارک پریسبیٹیرین اسپتالوں میں فائرنگ کے واقعات نے ان خدشات کو مزید بڑھایا ہے۔

دوسری جانب نیویارک پریسبیٹیرین اسپتال نے کہا کہ وہ منصفانہ معاہدے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے کے لیے تیار ہے اور نرسز کی تنخواہوں میں نمایاں اضافے کی پیشکش کی گئی ہے، تاہم تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ ماؤنٹ سائنائی اور مونٹیفیور اسپتالوں کی جانب سے ابھی کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ یہ ہڑتال شدید فلو سیزن کے دوران ہو رہی ہے، جب اسپتالوں پر دباؤ پہلے ہی بہت زیادہ ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سیاسی طور پر بھی یہ ہڑتال اہم سمجھی جا رہی ہے، اور موجودہ حالات نرسوں کو مذاکرات میں اضافی طاقت فراہم کر سکتے ہیں۔

نیویارک کے نئے میئر ظہران ممدانی نے ہڑتال کے موقع پر نرسوں کے ساتھ موجود ہو کر کہا کہ نرسوں کی محنت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ اس ہڑتال سے شہر کی گورنر کیتھی ہوچول اور میئر دونوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے کہ وہ نرسز کے مطالبات پر واضح مؤقف اختیار کریں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے