سعودی کابینہ نے صومالیہ کی خود مختاری پر کسی بھی دھمکی کو مسترد کر دیا
ریاض – سعودی کابینہ نے صومالیہ کی خود مختاری کو سبوتاژ کرنے یا ملک کے اتحاد اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی کوشش کو سختی سے مسترد کیا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق یہ اعلان سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، علاقائی امن اور اقتصادی امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے بعد وزیراطلاعات سلمان الدوسری نے کہا کہ کابینہ نے جدہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیرمعمولی اجلاس کے نتائج کی مکمل حمایت کی، جس میں صومالیہ کی صورتحال پر بات کی گئی تھی۔
کابینہ نے اس بات پر زور دیا کہ صومالیہ میں متوازی ادارے قائم کرنے کی کوئی کوشش قابل قبول نہیں اور یہ ملک کی قومی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف ہوگی۔
اجلاس میں سعودی عرب کی غزہ میں جنگ بندی کی حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا، جبکہ مملکت کی میزبانی میں ہونے والی مشترکہ فوجی مشق گلف شیلڈ 2026ء کی کامیابی کو سراہا گیا۔
مزید برآں، سعودی کابینہ نے سعودی عرب اور دیگر ممالک کے ساتھ اعلیٰ سطح کی سیاسی اور اقتصادی مشاورت کے فریم ورک کا جائزہ لیا، جس میں سعودی جاپان وزارتی سرمایہ کاری فورم اور سعودی کینیڈین بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم جیسے اجلاس شامل تھے۔ اجلاس میں سعودی عرب اور کینیڈا کے درمیان سیاسی مشاورت سے متعلق مفاہمتی یادداشت کے مسودے کی بھی منظوری دی گئی۔