آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ: بھارت اور ویسٹ انڈیزجیت گئے پاکستان کا مقابلہ آج انگلینڈ سے ہوگا
بلاؤایو / ہرارے / ونڈہوک – آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی مہم کا آغاز آج انگلینڈ کے خلاف اہم میچ سے ہوگا، جبکہ ایونٹ کے ابتدائی روز تین میچز کھیلے گئے جن میں بھارت اور ویسٹ انڈیز نے کامیابی حاصل کی، جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا۔
گزشتہ روز زمبابوے کے شہر بلاؤایو میں کھیلے گئے ایونٹ کے افتتاحی میچ میں بھارت نے بارش سے متاثرہ مقابلے میں امریکا کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ امریکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو 108 رنز کا ہدف دیا، جو بارش کے باعث کم ہو کر 96 رنز کر دیا گیا۔ بھارت نے یہ ہدف 18 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر با آسانی حاصل کر لیا۔
ہرارے میں شیڈول زمبابوے اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان دوسرا میچ بارش کے باعث بغیر کوئی گیند کرائے منسوخ کر دیا گیا۔
ونڈہوک میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ڈیبیو کرنے والی تنزانیہ کی ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔ تنزانیہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 122 رنز اسکور کیے، جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے 123 رنز کا ہدف 21 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
ایونٹ کے دوسرے روز تین میچز کھیلے جائیں گے جن میں انگلینڈ بمقابلہ پاکستان، آسٹریلیا بمقابلہ آئرلینڈ اور افغانستان بمقابلہ جنوبی افریقا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
پاکستانی شائقین کی نظریں آج انگلینڈ کے خلاف میچ پر مرکوز ہیں، جہاں قومی انڈر 19 ٹیم ایونٹ میں کامیاب آغاز کی کوشش کرے گی۔