پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے، جہاں اسٹار فاسٹ بولر الزاری جوزف نے اسکواڈ میں شامل کیے جانے کے باوجود سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا۔
ابتدائی طور پر کرکٹ ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف کی عدم دستیابی کی وجہ ذاتی معاملات بتائی گئی تھی، تاہم ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے واضح کیا ہے کہ فاسٹ بولر نے خود ٹیم کے لیے دستیاب نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔
ڈیرن سیمی کے مطابق الزاری جوزف حال ہی میں انجری سے صحت یاب ہو کر واپس آئے تھے اور انہیں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، لیکن بعد ازاں انہوں نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر سیریز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔
ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ نے اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ ان کے دائرۂ اختیار سے باہر ہے اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ کرکٹ ویسٹ انڈیز کے حکام کریں گے۔
