پی ایس ایل 11: اوپن آکشن فارمولے پر غور، 26 مارچ سے آغاز، حتمی اعلان بورڈ اجلاس میں ہوگا

0

لاہور – چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے لیے اوپن آکشن فارمولہ اپنانے کی تجویز دے دی ہے، جس پر فرنچائز مالکان کے درمیان مشاورت جاری ہے۔ اس معاملے پر گورننگ کونسل میٹنگ میں بھی تفصیلی بحث متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق حال ہی میں منعقد ہونے والے پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں تمام فرنچائزز کے نمائندوں کے علاوہ دو نئی ٹیموں کے مالکان بھی شریک تھے۔ اجلاس میں متعدد انتظامی اور تکنیکی امور زیر غور آئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گورننگ کونسل نے متفقہ طور پر پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن کا آغاز 26 مارچ 2026 سے کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس سے قبل لیگ کے آغاز کے لیے 23 مارچ کی تاریخ زیر غور تھی، تاہم حتمی طور پر 26 مارچ کو موزوں قرار دیا گیا۔

اجلاس میں سب سے اہم اور حساس معاملہ کھلاڑیوں کے انتخاب کے طریقۂ کار سے متعلق تھا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے فرنچائز مالکان کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ اوپن آکشن سسٹم اپنایا جائے، جس سے کھلاڑیوں کو مالی اور پیشہ ورانہ طور پر زیادہ فائدہ پہنچے گا۔

ذرائع کے مطابق بعض فرنچائز مالکان اوپن آکشن فارمولے سے اتفاق کرتے دکھائی دیے، تاہم چند ٹیمیں اب بھی روایتی ڈرافٹ سسٹم کو برقرار رکھنے کی حامی ہیں۔

اجلاس میں کھلاڑیوں کی ریٹینشن پالیسی، کیٹیگری اسٹرکچر اور نئی ٹیموں کے انضمام سے متعلق امور پر بھی ابتدائی تبادلہ خیال کیا گیا، تاہم ان معاملات پر حتمی فیصلے آئندہ اجلاس میں کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کی کوشش ہے کہ پی ایس ایل 11 کو زیادہ مسابقتی، تجارتی طور پر مضبوط اور کھلاڑی دوست لیگ کے طور پر پیش کیا جائے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.