متحدہ عرب امارات میں آج جنگی طیاروں کا فضائی مارچ، حوثی حملے کی یاد میں قومی یکجہتی کا اظہار
ابوظبی – متحدہ عرب امارات میں آج جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں پر مشتمل ایک خصوصی فضائی مارچ منعقد کیا جا رہا ہے، جو چار سال قبل حوثیوں کے حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں ترتیب دیا گیا ہے۔
اماراتی حکام کے مطابق فضائی مارچ میں جدید جنگی طیارے اور فوجی ہیلی کاپٹر شامل ہوں گے، جو پورے ملک کی فضاؤں میں پرواز کریں گے۔ اس مارچ کا آغاز دارالحکومت ابوظبی سے ہوگا اور یہ متحدہ عرب امارات کی تمام ریاستوں سے گزرتا ہوا مکمل کیا جائے گا۔
دبئی کے ولی عہد، نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہفتے کے روز صبح 11 بجے قومی ترانے کی آواز پر یکجہتی کا اظہار کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہ لمحہ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور قومی اتحاد کو اجاگر کرنے کے لیے مخصوص ہے۔
یہ فضائی مارچ خاص طور پر اس میزائل حملے کی یاد میں منعقد کیا جا رہا ہے جو چار سال قبل یمن کے حوثی گروہ کی جانب سے متحدہ عرب امارات پر کیا گیا تھا۔
اس حملے میں تین افراد جاں بحق ہوئے تھے، جن میں ایک پاکستانی محنت کش معمور خان بھی شامل تھے، جن کی شہادت کو آج بھی امارات میں احترام سے یاد کیا جاتا ہے۔
اماراتی حکام کے مطابق یہ فضائی مارچ ملک کی سلامتی، شہداء کی قربانیوں اور دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی علامت ہے۔