حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی نئی فرنچائز کا مجوزہ نام ’’کنگز مین حیدرآباد‘‘ رکھا جا سکتا ہے، تاہم اس نام پر ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق امریکا میں قائم ایف کے ایس گروپ، جس کی قیادت فواد سرور کر رہے ہیں، اپنی نئی فرنچائز کے لیے مختلف برانڈنگ آپشنز پر غور کر رہا ہے۔ ’’کنگز مین‘‘ نام کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ یہی گروپ امریکا میں کرکٹ ٹیم شکاگو کنگز مین کا بھی مالک ہے، جس سے دونوں ٹیموں کے درمیان برانڈ ہم آہنگی پیدا ہونے کا امکان ہے۔
ایف کے ایس گروپ نے پی ایس ایل کی ساتویں فرنچائز حاصل کر کے لیگ کی توسیع میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ نئی ٹیم پی ایس ایل 11 سے باضابطہ طور پر لیگ کا حصہ بنے گی۔
حیدرآباد کی فرنچائز کو اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والی ایک ہائی پروفائل نیلامی کے دوران فروخت کیا گیا، جہاں ایف کے ایس گروپ نے 1 ارب 75 کروڑ روپے کی بولی دے کر ٹیم اپنے نام کی۔
ادھر دوسری جانب، او زیڈ ڈویلپرز کی ملکیت سیالکوٹ کی فرنچائز کو باضابطہ طور پر ’’سیالکوٹ اسٹالینز‘‘ کا نام دے دیا گیا ہے۔
پی ایس ایل میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے بعد لیگ مزید مضبوط، مسابقتی اور دلچسپ ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں نئی فرنچائزز اپنے لوگو، جرسی، کوچنگ اسٹاف اور کھلاڑیوں کے انتخاب سے متعلق اہم اعلانات کریں گی، جس سے پی ایس ایل 11 کی رونق میں مزید اضافہ ہوگا۔
