یورپی یونین کا پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد قرار دینا بڑی اسٹریٹیجک غلطی ہے: ایران
تہران – یورپی یونین کی جانب سے ایران کی پاسدارانِ انقلاب فورس کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے پر ایران کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ یورپ اس فیصلے کے ذریعے ایک بڑی اسٹریٹیجک غلطی کا ارتکاب کر رہا ہے جس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاسدارانِ انقلاب ایران کی سرکاری دفاعی فورس ہے اور اسے دہشت گرد تنظیم قرار دینا بین الاقوامی قوانین اور سفارتی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
دوسری جانب ایرانی مسلح افواج نے بھی یورپی یونین کے اس اقدام کو سخت الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ غیر ذمہ دارانہ، جانبدارانہ اور عناد پر مبنی ہے۔
ایرانی فوج کے بیان میں کہا گیا کہ یورپی یونین کا یہ غیر منطقی اقدام دراصل امریکا اور اسرائیل کی غیر انسانی اور جارحانہ پالیسیوں کی اندھی تقلید ہے، جو خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ یورپی وزرائے خارجہ نے حالیہ اجلاس میں پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کی منظوری دی تھی، جس کے بعد ایران اور یورپی یونین کے تعلقات میں مزید تناؤ پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔