نئی دہلی — ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے کے باوجود بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے واضح کیا ہے کہ انڈین ٹیم آئی سی سی کے طے شدہ پروٹوکول کے مطابق سری لنکا کا سفر کرے گی۔
بھارتی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے ایک رکن نے کہا کہ ٹیم انڈیا آئی سی سی قوانین کی مکمل پاسداری کرے گی اور ایونٹ کے شیڈول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نبھائے گی۔
بی سی سی آئی کے ترجمان کے مطابق بھارتی ٹیم سری لنکا پہنچ کر شیڈول کے مطابق پریکٹس سیشنز میں حصہ لے گی، پریس کانفرنس میں شرکت کرے گی، مقررہ وقت پر اسٹیڈیم پہنچے گی اور میچ ریفری کی جانب سے حتمی فیصلے کا انتظار کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ پاکستان نے 15 فروری کو ہونے والے گروپ اسٹیج کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے، اس کے باوجود بھارتی ٹیم آئی سی سی کے طے شدہ پروٹوکول کے تحت میدان میں موجود رہے گی اور میچ ریفری کے فیصلے تک اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔
دوسری جانب حکومتِ پاکستان کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی، تاہم بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب آئی سی سی دونوں بورڈز کے فیصلوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ٹورنامنٹ کے منصفانہ اور کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سفارتی اور انتظامی سطح پر مشاورت جاری ہے۔
