ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ پر بحران، آئی سی سی پاکستان کو منانے کے لیے متحرک

0

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچز میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف کھیلنے سے انکار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) شدید تشویش کا شکار ہو گئی ہے۔ پاکستان کے فیصلے نے کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کو مشکل صورتحال میں ڈال دیا ہے، جس کے بعد آئی سی سی نے پاکستان کو آمادہ کرنے کے لیے بیک چینل رابطوں کا فیصلہ کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی اس معاملے پر پاکستان کے ساتھ پسِ پردہ بات چیت کرے گی اور اس مقصد کے لیے آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کو خصوصی ذمے داری سونپی گئی ہے۔ عمران خواجہ، جو سنگاپور کرکٹ ایسوسی ایشن کی نمائندگی کرتے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے براہ راست رابطہ کریں گے اور پاکستان کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں عمران خواجہ کو "پیس میکر” کا کردار ادا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ تنازع کو حل کیا جا سکے اور ٹورنامنٹ کے شیڈول پر اثرات سے بچا جا سکے۔

واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان نے اتوار 15 فروری کو بھارت کے خلاف ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے تاحال اس فیصلے سے متعلق آئی سی سی کو باضابطہ طور پر اپنے پلیٹ فارم کے ذریعے آگاہ نہیں کیا۔

آئی سی سی حکام کو خدشہ ہے کہ اگر پاک بھارت میچ نہ ہوا تو ٹورنامنٹ کی تجارتی قدر، براڈکاسٹنگ معاہدوں اور عالمی دلچسپی پر منفی اثر پڑ سکتا ہے، جس کے باعث معاملے کو سفارتی اور انتظامی سطح پر حل کرنے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.